عالمی یوم ماحولیات اور اسلام

0

صفائی کا خیال رکھنا اسلام میں ایک بدیہی حقیقت ہے۔ جب اسلام کا تذکرہ ہوتا ہے، تو پاکیزگی خودبخود ذہن میں آتی ہے۔


ساجد (سجدہ کرنے والا) سے لے کر جائے نماز تک، ہر چیز کی طہارت لازم ہے، کیونکہ ہر جگہ مسلمان کے لیے گویا سجادہ (نماز کی جگہ) ہے۔


اسی لیے مسلمان کو صفائی کی ترغیب دینا گویا اسے اس کی فطرت یاد دلانا ہے۔


ہمیں نہ صرف ماحول کو ظاہری میل کچیل سے پاک رکھنا چاہیے، بلکہ اسے کرپشن، رشوت، اور ان تباہ کن بیماریوں سے بھی پاک کرنے کا عزم کرنا چاہیے جو ہمارے باطن اور معاشرے دونوں کو گندہ کر رہی ہیں۔

Dance, Music and the Civilization of Islam

0

رقص،موسیقی اور ثقافتِ اسلام


Dance, Music and the Civilization of Islam


رقص اور موسیقی آپس میں اس طرح لازم و ملزوم ہیں جیسے پانی اور مچھلی۔ جس طرح مچھلی پانی کے بغیر زیادہ دیر زندہ نہیں رہ سکتی، اسی طرح رقص موسیقی کے بغیر اپنی حقیقت کھو دیتا ہے۔ جدید رقص کو تب تک مکمل اور بہترین نہیں سمجھا جاتا جب تک وہ موسیقی کے سُروں کے مطابق نہ ہو۔ یعنی موسیقی جو حکم دے، اس پر عمل کرنا ہوگا، تب جا کر ایک اچھے رقاص کی حیثیت سے تسلیم کیا جائے گا۔

اب بعض لوگ رقص کو ورزش قرار دے کر اس کے جواز کی دلیل پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ورزش صرف کلبوں اور اسٹیج پر ہی کی جا سکتی ہے؟ جو اسے محض ورزش سمجھتا ہے، وہ حقیقت سے ناواقف ہے، کیونکہ ہر ذی شعور جانتا ہے کہ اس کا مقصد ورزش نہیں بلکہ جذباتی اشتعال انگیزی اور تفریحِ محض ہے۔ اگر واقعی ورزش مقصود ہو تو کیا روزمرہ کے کام، چلنا پھرنا، اور دیگر جسمانی مشقتیں کافی نہیں؟ درحقیقت، یہ محض شیطانی وسوسہ ہے، جو نہ کوئی معتبر دلیل رکھتا ہے اور نہ ہی عقل و فطرت کے مطابق ہے۔ اس کے برعکس، اللہ کی عبادت میں مصروف رہنا انسان کے لیے سب سے زیادہ نفع بخش عمل ہے، جس میں وضو سے لے کر معیشت و معاملات تک ہر پہلو شامل ہے۔


شرعی حیثیت

اب اگر رقص و موسیقی کی شرعی حیثیت کا جائزہ لیا جائے تو درج ذیل براہین سامنے آتی ہیں:

 میں دلائل کے چار بنیادی مصادر ہیں، جن میں اجماع ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ علامہ ابن الجوزی رحمہ اللہ (م ٥٩٧ھ) لکھتے ہیں : وقد انعقد اجتماع العلماء أنّ من ادّعی الرّقص قربه إلی اللّٰہ تعالیٰ فقد کفر : اس بات پر علماء کرام کا اتفاق و اجماع واقع ہوچکا ہے کہ جو شخص رقص کو قربِ الٰہی کا ذریعہ قرار دے ، وہ کافر ہے ۔

(صید الخاطر لابن الجوزی : ص ١٥٤)

علامہ احمد طحطاوی حنفی (م ١٢٣٣ھ) لکھتے ہیں : وأمّا الرّقص والتّصفیق والصّریخ وضرب الأوتار والضّجّ والبوق الّذی یفعلہ بعض من یدّعی التّصوّف ، فإنّہ حرام بالإجماع ، لأنّھا زیّ الکفّار ۔ ”رہا رقص کرنا ، تالیاں پیٹنا ، شور شرابا ، ہارمونیم بجانا ، چیخ وپکار اور بِگل بجانا ، جو کہ صوفیت کے بعض دعویداروں کا معمول ہے ، یہ بالاجماع حرام ہے ، کیونکہ یہ کفار کا طور طریقہ ہے ۔(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح ص ١٧٤، صفۃ الاذکار)

حصکفی حنفی لکھتے ہیں : من یستحلّ الرّقص قالوا بکفرہ ، ولا سیّما بالدّفّ یلھو ویزمر ۔جو رقص کو حلال سمجھتا ہے ، وہ ان (علماء کرام )کے بقول کافر ہے ، خصوصاً جو ساتھ ساتھ کھیل تماشا کرتا اور ساز بجاتا ہے۔(الدر المختار : ٤/٤٤٦)



 قرآن کی نصوص کی طرف رجوع کریں تو وارد ہوا ہے: وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَشْتَرِیْ لَھْوَ الْحَدِیْثِ لِیُضِلَّ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ بِغَیْرِ عِلْمٍ وَّیَتَّخِذَھَا ھُزُوًا أُولٰئِکَ لَھُمْ عَذَابٌ مُّھِیْنٌ۔ (لقمان : ٣١/٦)

”اور کچھ لوگ بے ہودہ باتیں خریدتے ہیں تاکہ بغیر علم کے لوگوں کو اللہ کے راستے سے گمراہ کریں اور اسے مذاق بنائیں ۔ یہی لوگ ہیں کہ ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔ 

بے ہودہ باتوں کی سب سے واضح مثال موسیقی اور گانے بجانے کی محفلیں ہیں، جن میں رقص و سرود کی لت شامل ہے۔ لہٰذا، یہ عمل ممنوع اور حرام ہے۔


گانا سنا نفاق کی کھیتی کرنا ہے، جس طرح ایک کچھ بیچوں سے پوری سال کی فصل تیار ہوتی ہے، اسی طرح گانا سے نقاق کی فصل تیار ہوتی ہے۔ جو ایمان کے سبز باغ کو اس طرح جکڑتی ہے کہ وہ بھوسے کے ورے کچھ نہیں رہتا، اس لیے پھر اس کی مقعد جہنم کی نچلی تحت بن جاتی ہے۔ جیسے حدیث و قرآن میں وارد ہوا ہے۔ الغناء ينبت النفاق في القلب كما ينبت الماء الزرع"

(گانا دل میں نفاق کو اس طرح اگاتا ہے جیسے پانی گھاس کو اگاتا ہے۔)


اور نفاق کے بارے قرآن میں آیا ہے کہ یہ سبب بنانے گا فرشِ جنہم کے ٹھکانے کا۔ إن المنافقين في الدرك الأسفل من النار. (بے شک منافق جہنم کے سب سے نچلے درجے میں ہوں گے۔)

مسلمان کا شیوہ یہی ہے کہ وہ خود کو اور اپنے عزیزوں کو ہر اُس راہ سے دور رکھے جو جہنم کی طرف لے جائے۔ رقص و موسیقی جیسے امور وقتی لذت ضرور دیتے ہیں، مگر انجام کے اعتبار سے مہلک ہیں۔ عقل و دین کا تقاضا یہی ہے کہ انسان اپنی اور اپنوں کی آخرت سنوارنے کی فکر کرے، نہ کہ شیطانی وسوسوں کے جواز تراشے۔

عقل مند وہی ہے جو دنیا کی سراب نما لذتوں پر نہ فریفتہ ہو، بلکہ اپنی اور اپنوں کی آخرت کی حقیقی کامیابی کی فکر کرے۔


ماجد کشمیری 

۲۶ رمضان المبارک ۲۰۲۵

مسجد شریف

اعتکاف: خلوت میں جلوت کا راز اسے کیسے گزاریں!

0

اعتکاف: خلوت میں جلوت کا راز اسے کیسے گزاریں!


اے اہلِ اعتکاف! خوش نصیبی کے دیپ جلا لو کہ تمہیں وہ لمحے میسر آئے ہیں، جن میں رحمتیں برستی ہیں، گناہ جھڑتے ہیں، اور دلوں پر خدا کی قربت کی بہار چھا جاتی ہے۔ یقیناً تم نے اس سال کوئی ایسا عمل کیا ہوگا جو رب العزت کی بارگاہ میں مقبول ٹھہرا، تبھی تمہیں اس مسجد کے سایے میں سکونت کا شرف ملا۔


یاد رکھو! ہماری زندگی کا آغاز ہی پردوں کے حصار میں ہوتا ہے، اور انجام بھی پردوں ہی میں۔ جب روح کو جسم کی خلعت پہنائی جاتی ہے، تب وہ ماں کے بطن کے پردے میں نمو پاتا ہے، اور جب یہ دنیا چھوڑتا ہے تو کفن کے پردے میں لپٹا ہوتا ہے۔ پس ہر چیز کے کچھ تقاضے ہوتے ہیں، اور ان پردوں کے بھی کچھ احکام ہیں، جن کا لحاظ ازبس ضروری ہے۔




بیسویں رمضان کی شام، جب سورج غروب ہوتا ہے، معتکف مسجد کے آستانے میں قدم رکھتا ہے، تو گویا رحمتِ الٰہی اس کا دامن بھر دیتی ہے۔ اس لیے داخل ہوتے ہی دو رکعت نمازِ شکرانہ ادا کرنا مسنون ہے، کہ یہ وہ سعادت ہے جو ہر کسی کے نصیب میں نہیں آتی۔ اس کے بعد افطاری کریں، اور پھر اپنی جگہ متعین کرلیں۔ نمازِ عشاء و تراویح عام مسلمانوں کے ساتھ ادا کریں تاکہ عبادت کی فضا میں اجتماعیت کی برکت بھی شامل ہو۔


اب ایک منفرد سفر کا آغاز ہوتا ہے، ایک ایسا سفر جس میں تم اور تمہارا رب آمنے سامنے ہوتے ہو۔ تلاوتِ قرآن، نوافل، تہجد اور دیگر عبادات سے شب کو تابناک بناؤ۔


فجر کی نماز کے بعد ذکر و اذکار میں مشغول رہو، یہاں تک کہ سورج طلوع ہو جائے۔ پھر چند لمحات انتظار کرو، تاکہ روح کو مزید تازگی ملے، اس کے بعد دو یا چار رکعت اشراق ادا کرو۔ جان لو کہ دو رکعت اشراق کا ثواب حج و عمرہ کے برابر ہے!



اشراق کے بعد کچھ دیر آرام کرو، مگر نصف النہار سے پہلے بیدار ہو جاؤ اور نمازِ چاشت ادا کرو۔ اس نماز کی رکعات دو سے بارہ تک ہیں، اور فضیلت یہ ہے کہ اس کے عوض جنت میں ایک شاندار محل عطا کیا جائے گا، جس کے تم تنہا مالک ہوگے۔


اب پھر ذکر و تلاوت میں مشغول ہو جاؤ، یہاں تک کہ نمازِ ظہر کا وقت آ جائے۔ وضو کی حاجت ہو تو کرلو، مگر یاد رکھو کہ بلا ضرورت اعتکاف کی جگہ سے نکلنا جائز نہیں۔( وضو پر وضو کرنے کے لیے نکالنا جائز نہیں)  وضو کے بعد تحیۃ الوضو اور تحیۃ المسجد ادا کرنا نہ بھولو، کہ ان کا ثواب بھی بے پایاں ہے۔


ظہر کی نماز کے بعد اگر چاہو تو کچھ دیر آرام کرلو، ورنہ نوافل، ذکر و تلاوت میں خود کو مصروف رکھو۔ پھر جیسے ہی عصر کا وقت قریب آئے، وضو کی ضرورت ہو تو وضو کرلو اور دوبارہ تحیۃ الوضو و تحیۃ المسجد ادا کرو۔ اس کے بعد عصر کی نماز خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھو اور ذکر و مطالعہ میں مشغول رہو، یہاں تک کہ سورج مغرب کے دہانے پر جا پہنچے۔


یہ وہ لمحہ ہے جس کا تمہیں انتظار تھا! مغرب کی اذان ہوتے ہی افطار کرو، نماز ادا کرو، اور اگر ممکن ہو تو اوابین کی کم از کم چھے رکعات پڑھو، کیونکہ اس کا ثواب بے حساب ہے۔ پھر اپنے قیام کی جگہ جا کر آرام کرو یا عبادات میں مشغول رہو، تاکہ عشاء و تراویح کے لیے تازہ دم ہو جاؤ۔



تراویح کے بعد اپنے قلب و باطن کو ٹٹولو، اگر کسی خاص حاجت کا احساس ہو تو نمازِ حاجت ادا کرو۔ پھر تلاوت و دیگر عبادات میں انہماک اختیار کرو۔ اس لمحے جب تمہارا دل اللہ کی حضوری میں ڈوب جائے، تو گڑگڑا کر دعا کرو۔ وہ سب کچھ مانگو جو آج تک نہ مانگ سکے، کہ یہی وہ ساعتیں ہیں جن میں عرش کے در کھول دیے جاتے ہیں۔


اگر قلب مزید روحانی رفعت چاہے، تو نمازِ تسبیح ادا کرو۔ اس کی فضیلت کیا بیان ہو کہ نبی کریم ﷺ نے خود اسے گناہوں کی بخشش کا بہترین ذریعہ قرار دیا ہے!


اور جو خاص بندے ہوتے ہیں، انہیں تہجد کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔ جیسے انبیاء پر تہجد واجب تھی، ویسے ہی یہ تمہارے لیے بھی ایک نادر موقع ہے۔ سو، تہجد ادا کرو، پھر سحری کرو، اور نئے دن کی تیاری میں لگ جاؤ۔



یہ معمول پانچوں طاق راتوں میں شدت اختیار کرلو، یا اگر ہمت ہو تو ہر روز ہی اس ذوق و شوق کو باقی رکھو، مگر اپنی صحت کا خیال ضرور رکھو۔ عبادت وہی دلنشین ہوتی ہے جو جسم کے ساتھ روح پر بھی بار نہ ہو۔


یہ ایام تمہاری زندگی کے سب سے قیمتی لمحات ہیں۔ ان میں جتنا آگے بڑھو گے، اتنا ہی رب کی قربت کا نور حاصل ہوگا۔ اللہ تمہاری عبادتیں قبول کرے اور تمہیں ان لمحوں کا دائمی فیض عطا کرے، آمین! 

ساتویں جماعت کی اردو ٹیکسٹ بک میں بعض غلطیاں

0


السلام علیکم ورحمت اللہ وبرکاتہ 

کچھ دن قبل ساتویں جماعت کی نصابی کتاب میں ایک واقعہ منسوب کیا گیا تھا نبی برحق ﷺ سے، جس میں ایک "عجوز" کا ذکر تھا۔ تاہم، ہم نے اس پر تفصیلی بحث کی اور یہ ثابت کیا کہ یہ انتساب درست نہیں بلکہ من گھڑت ہے۔ (تیسرے سبق: اخلاق نبوی ﷺ میں) 


انہی دنوں نصابی کتاب کا پہلا سبق، جسے "ترانہ وحدت" کے عنوان سے موسوم کیا گیا ہے، تلوک چند محرومؔ سے منسوب پایا گیا۔ چونکہ اردو ادب کی کتب سے واقفیت رکھتے ہیں، اس میں شبہ ہوا کہ ان کے اشعار اور کتب میں مذکورہ اشعار سے خاصا فرق ہے، مگر اس وقت ثبوت فراہم کرنا ممکن نہ تھا۔

آج، اسکول سے فراغت عام دنوں کی نسبت جلدی ہوئی تو موقع ملا کہ اس پر تحقیق کی جائے کہ آیا یہ واقعی ان کے الفاظ ہیں یا نہیں۔

پہلے مرحلے میں "گنجِ معانی" (تلوک چند محرومؔ کا شعری مجموعہ) کا مطالعہ کیا گیا۔ معلوم ہوا کہ یہ نظم "ترانہ وحدت" کے نام سے موسوم نہیں بلکہ "زمزمہ توحید" کے عنوان سے شائع ہے۔ مزید برآں، "ترانہ وحدت" کے عنوان سے ایک دوسری نظم موجود ہے، جس کا آغاز اس شعر سے ہوتا ہے:

ہے نظارہ محوِ حیرت کہ جہاں میں تو ہی تو ہے

کہیں آب ہے گہر میں، کہیں گل میں رنگ و بو ہے


تحقیق کے دوران درسی کتاب اور اصل متن (گنجِ معانی) میں نمایاں فرق سامنے آیا۔ بطور مثال چند اشعار پیش ہیں:


1. درسی کتاب:

کہتی ہے کلی کلی زبان سے

میری بہن یہ چٹک تیری ہے


(یہ بہن کہاں سے آئی عجیب ہے نا نیز اس کا تو وزن ہی نہیں ملتا ہے)

 

گنجِ معانی:

کہتی ہے کلی کلی زبان سے

میری یہ نہیں چٹک تیری ہے


2. درسی کتاب:

ہر ذرے میں ظہور تیرا 

ہے برق و شرر میں نور تیرا 


گنجِ معانی:

ہر ذرے میں ظہور تیرا 

خورشید و قمر میں نور تیرا 


( نور کی مثل چاند سورج ہی ہو سکتے ہیں بجلی وغیرہ تو نہیں۔ برق و شرر بعید ہے۔ اس لیے یہ استعارہ اور کنایہ درست نہیں) 


ایسے ہی دیگر اشعار میں بھی املا اور معانی کے لحاظ سے واضح فرق پایا گیا۔ 

انتباہ: گر کسی اور جگہ اس کلام مذکورہ سے موافق ان کا کوئی کلام موجود ہو تو برائے اصلاح ہمیں آگاہ ضروری کریں۔


ماجد کشمیری 

9149525943

DNA The creation of Allah

0

اللہ تعالیٰ کی قدرت اور جدید ٹیکنالوجی

DNA The creation of Allah

جدید دور میں ٹیکنالوجی کی ترقی حیران کن ہے۔ ہر روز نئی ایجادات، تیز رفتار کمپیوٹرز، اور انٹرنیٹ کی وسعت کو دیکھتے ہوئے ترقی کی عظمت کو مانتے ہیں۔ ہمارے موبائل فونز میں موجود ڈیٹا اسٹوریج سے لے کر پوری دنیا کے انٹرنیٹ ڈیٹا سنٹرز تک، یہ سب کچھ تعجب انگیز ہے۔ آج ایک عام موبائل فون میں 256 جی بی یا اس سے بھی زیادہ اسٹوریج ہوتی ہے، اور پوری دنیا میں ڈیٹا اسٹوریج کا تخمینہ سینکڑوں زٹا بائٹس )Zettabytes) میں ہے۔


تمثیلا، دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں جیسے گوگل، ایمازون، اور مائیکروسافٹ ایسے ڈیٹا سنٹرز چلاتی ہیں جہاں ایک ہی مرکز میں ہزاروں پیٹا بائٹس کا ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے۔ صرف گوگل کے ڈیٹا مراکز میں ہر دن ایک کروڑ گیگا بائٹ سے زیادہ ڈیٹا پراسیس ہوتا ہے۔ یہ اعداد و شمار دیکھ کر ہم حیران رہ جاتے ہیں، مگر یہ سب کچھ محدود ہے اور کسی نہ کسی خارجی طاقت، یعنی بجلی، انسانی وسائل اور مشینری کے محتاج ہیں۔


اللہ تعالیٰ کی قدرت ان تمام مادی وسائل سے کہیں بالا تر ہے۔ ایک طرف اگر ہم جدید دنیا کے انٹرنیٹ اور ڈیٹا سٹوریج کی بات کریں تو یہ تمام کمپیوٹر، سرورز اور ڈیٹا سنٹرز بجلی اور مخصوص مشینری کے بغیر چند منٹ بھی کام نہیں کر سکتے۔ دوسری طرف اللہ تعالیٰ کی تخلیق کردہ دنیا میں ایسے نظام موجود ہیں جو نہ تو کسی خارجی طاقت کے محتاج ہیں اور نہ ہی کبھی ختم ہونے والے ہیں۔


ایک اہم مثال ڈی این اے کی ہے۔ ڈی این اے کا ہر خلیہ، ہر مخلوق کے جسم میں موجود معلومات کا خزانہ ہے۔ ہر جاندار کے جسم کے خلیات میں ڈی این اے کے ذریعے نسلوں کی معلومات محفوظ رہتی ہیں، اور یہ ڈی این اے بغیر کسی ایکسٹرنل پاور یا وسائل کے اربوں سالوں سے منتقل ہوتا آ رہا ہے۔ حتیٰ کہ لاکھوں سال پہلے کے ڈائنوسارز کے ڈی این اے کا مطالعہ آج ممکن ہو چکا ہے۔


یہ تمام معلومات جو مخلوقات کے وجود میں ہزاروں، بلکہ لاکھوں سالوں سے منتقل ہو رہی ہیں، اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیاں ہیں۔ آج کے دور کی جدید ترین ٹیکنالوجی لاکھوں کمپیوٹرز کو اکٹھا کرنے کے باوجود وہ کام نہیں کر سکتی جو ایک ننھے خلیے کا ڈی این اے بلا روک ٹوک کر رہا ہے۔ نہ صرف یہ، بلکہ دنیا کا ہر چیز اپنے اندر اللہ تعالیٰ کی عظمت و قدرت کا شاہکار لئے پھرتا ہے۔


مزید یہ کہ اللہ تعالیٰ کی تخلیقات کے سامنے انسان کی کوششیں حقیر ہیں۔ انسان کی بنائی ہوئی ٹیکنالوجی بجلی اور محدود وسائل پر منحصر ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ کی تخلیقات بغیر کسی خارجی ضرورت کے موجود ہیں اور رہیں گی۔


یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ بار بار اپنی تخلیقات کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔ فرمایا:


"لَخَلْقُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ أَكْبَرُ مِنْ خَلْقِ النَّاسِ وَلَكِنَّ أَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُونَ" (سورۃ غافر: 57)


ترجمہ: "بیشک آسمانوں اور زمین کا بنانا لوگوں کے پیدا کرنے سے بڑا ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں سمجھتے۔"


یہ آیت انسان کو اللہ کی بے پایاں قدرت کے سامنے جھکنے کی دعوت دیتی ہے۔ ہم اپنی مادی ترقی اور ٹیکنالوجی پر فخر کر سکتے ہیں، مگر جب ہم اللہ کی تخلیقات کو دیکھتے ہیں تو یہ سب کچھ ہیچ دکھائی دیتا ہے۔


جدید ٹیکنالوجی : انسان کی بنائی ہوئی ہر چیز محدود، عارضی، اور کسی نہ کسی خارجی طاقت کی محتاج ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ کی تخلیقات ازلی و ابدی ہیں اور کسی بھی انسانی اختراع سے زیادہ پیچیدہ اور حیران کن ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی عظمت کا اقرار کرتے ہوئے عاجزی اختیار کر کے اس کی طرف غور کرنا کیا یہ دلیل توحید نہیں ہے۔ جی ہاں ہے۔ فقط تفکر کی حاجت ہے۔

ماجد کشمیری 

14 Dec 2024

کیا کسی کو فون کرنے یا ملاقات کے بجائے مسیج بھیجنا توہین کے زمرے میں آتا ہے؟

0

کیا کسی کو فون کرنے یا ملاقات کے بجائے مسیج بھیجنا توہین کے زمرے میں آتا ہے؟


ہرگز نہیں! پیغام (Message) درحقیقت ایک مکتوب (خط) ہی کی جدید صورت ہے، بلکہ آج کے دور میں باضابطہ اور مہذب تحریری رابطے کا ذریعہ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ بادشاہوں، امراء اور معزز شخصیات سے براہِ راست ملاقات کی ہر ایک کو اجازت نہ ہوتی، لہٰذا ان تک اپنی گزارشات پہنچانے کے لیے خطوط ارسال کیے جاتے تھے۔ آج بھی اعلیٰ عہدے داران کو عرضداشتیں (Applications) تحریری شکل میں ہی بھیجی جاتی ہیں، کیونکہ یہ رسمی، باضابطہ اور باوقار طریقۂ اظہار ہے۔


اس کے برعکس، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پیغام بھیجنا ان کی توہین ہے، وہ درحقیقت مصنوعی انا کے اسیر ہوتے ہیں۔ حقیقی عزت دار اور سنجیدہ فکر افراد ہمیشہ تحریری مراسلت کو فوقیت دیتے ہیں، کیونکہ یہ الفاظ کو ضبط و ترتیب کے ساتھ پیش کرنے، احترام کو ملحوظ رکھنے اور رابطے کی سنجیدگی کو برقرار رکھنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔


مزید برآں، تحریر کی ایک امتیازی خوبی یہ بھی ہے کہ یہ فوری ردعمل کے جذباتی دباؤ سے آزاد ہوتی ہے۔ زبانی گفتگو میں بسااوقات جذبات غالب آ جاتے ہیں، جبکہ تحریری پیغام میں انسان کو موقع ملتا ہے کہ وہ اپنے خیالات کو نکھار کر اور ترتیب دے کر مؤثر انداز میں بیان کرے۔ یہی وجہ ہے کہ دانشمند اور معاملہ فہم افراد ہمیشہ تحریری رابطے کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ اس میں سنجیدگی، غور و فکر اور عزت و وقار سبھی کچھ شامل ہوتا ہے۔

 

کیا مولوی پروفیشن ہے؟

0

 کیا مولوی پروفیشن ہے؟

دین اسلام دستور حیات ہے، ہر زندہ شخص کے لیے ہے۔ اس کو سمجھنے کے لیے اس کو پڑھنا ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے علم شرعی من باب المبادی فرض قرار دیا اور فرمایا: ہر مسلم اور مسلمہ پر علم حاصل کرنا فرض ہے۔ اس لیے ہر مسلمان اس قابل ہونا چاہیے کہ نماز پڑھا سکے۔ اور ہونا بھی چاہیے کہ ہر مسلم امامت کی اہلیت رکھے۔


پھر کہا جاتا ہے یہ مولوی پروفیشن کیوں بنایا گیا! دین میں کوئی مولوی پروفیشن نہیں ہے۔


اولا "مولوی" پروفیشن نہیں ہے۔ یہ تعظیماً کہا جاتا تھا ان کو جو علوم اسلامیہ پر مکمل دسترس رکھتے تھے۔

سمجھ لیں، مولویت امامت سے پرے کی چیز ہے بلکہ مولویت اماموں کو تیار کرنے کا مصدر اور سرچشمہ ہے۔ اب مولوی اس شخص کو کہا جاتا ہے جو کسی مستند اساتذہ یا ارادے سے علوم دین پڑھتا ہے۔

اس لیے جامعات میں جو طالب دوم سوم میں ہوتے ہیں، انہیں معلمین مولوی کہتے ہیں اور جو فارغ التحصیل ہوں، انہیں مولانا کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔


طب کے ماہر کو ڈاکٹر کہنا، ریاضی کے ماہر کو میتھمیٹیشن کہنا اور ہندسہ کے ماہر کو انجینئر کہنا، کیا یہ بدقسمتی ہے؟ کون اسے شقاوت سمجھتا ہے؟ کوئی نہیں۔


بلکہ یہ تو خوش قسمتی ہے کہ جب کوئی فراڈی انجینئر کوئی غلط کام کرتا ہے تو عوام اس کی تباہ کاریاں دیکھ کر اس کو کوستے ہیں۔ وہ حق ادا نہیں کرتا ہے۔


اگر ہر فرد کامل علم رکھتا تو کیا نبی ﷺ انتخاب نہ کرتے کہ قرآن ان سے سیکھیں؟ اگر سب اہل ہوتے تو "وضع الشی فی غیر محلہ" کا قانون نہ ہوتا۔


اگر وراثتِ نبی کے لیے صرف امتی ہونا کافی ہوتا تو علم وراثت کی شرط نہ بنتی (العلماء ورثة الأنبياء)۔


یہ کلاسفیکیشن ہے بس۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ مولوی بننا فرض ہے۔ مگر مبادیات کا جاننے والا بھی مولانا نہیں کہلائے گا۔ اور اگر یہ پروفیشن ہوتا، چونکہ دنیا کی سب سے بڑی آبادی کا منصب اور ترجمان ہے، تو یہ سب سے زیادہ معاوضے والی جاب ہوتی۔ مگر ایسا بالکل بھی نہیں ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ مولویت لوگوں کی نظر میں پروفیشن ہو سکتی ہے مگر اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ نہ ہی مولویت کے سند یافتہ افراد اس کو منصب و پروفیشن سمجھتے ہیں۔


بلکہ مولویت (مستندیت ) دفاع اسلام اور نسلوں تک میراثِ نبوت ﷺ کے انتقالی کا نام ہے۔

© 2023 جملہ حقوق بحق | اسلامی زندگی | محفوظ ہیں